23 اپریل ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس کی سماعت جاری ہے اور چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ مہران بنک اور حبیب بنک سے متعلق ماضی کی کمیشن رپورٹس نہیں مل سکی ہیں،عدالت نے اس پر اظہار تعجب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل سے تحریری موقف مانگ لیا، چیف جسٹس نے کہاکہ وہ رپورٹس تو بہت اہم تھیں ، چوری یا غائب ہوئی ہیں تو اسکی رپورٹ درج کرانا پڑے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے پنجاب حکومت کو گرانے کے حوالے سے آئی بی کے سیکرٹ فنڈ سے 27 کروڑ روپے کی رقم خرچ کرنے سے متعلق ڈی جی آئی بی سے رپورٹ طلب کی تھی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو حکم دیا تھا کہ وہ مہران بینک انکوائری کمیشن رپورٹ اس سماعت پر عدالت میں پیش کریں۔