30 نومبر ، 2014
پشاور......سکھر میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کے خلاف پشاور میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جے یو آئی کے کارکنوں نے موٹر وے پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک بلاک کردی اور دھرنے میں شرکت کرنے اسلام آباد جانے والے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے قافلے کو بھی واپس کردیا گیا۔جے یو آئی کی مرکزی قیادت کی کال پر ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی جمعیت کے کارکن مرکزی رہنما خالد محمود سومرو کے قتل کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ پشاور کے مختلف علاقوں سے جے یو آئی کے کارکن ریلیوں کی شکل میں جی ٹی روڈ پر جمع ہوگئے۔ وہاں سے صوبائی امیر مولانا گل نصیب کی قیادت میں ریلی کے شرکاء موٹر وے پہنچ گئے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے موٹروے پر ٹریفک بلاک کردی۔ جس کی وجہ سے تحریک انصاف کے دھرنے میں شرکت کے لئے اسلام آباد جانے والے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے قافلے کو بھی اپنا روٹ تبدیل کرنا پڑا۔ جے یو آئی کے قائدین کا کہنا ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات روکنے میں ناکام رہی ہیں، آئے دن جید علماء کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا جارہا ہے۔ چونکہ ہمارا احتجاج بھی حکومت کے خلاف ہے اس لئے تحریک انصاف کو بھی ہمارا ساتھ دینا چاہیئے۔