04 دسمبر ، 2014
مانسہرہ......ضلع مانسہرہ میں 7ہزار فٹ بلندی پر بنا 6سو فٹ طویل قومی پر چم مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے بڑی تیزی سے معدوم ہوتا چلا جارہا ہے،عوام نے قومی پرچم کو محفوظ کرنے کا مطالبہ کیاہے۔مانسہرہ میں 14اگست کی تقریبات کے لئے بلدیہ کے50اہلکاروں نے ایک ہفتے کی شبانہ روز محنت سے 7ہزار فٹ بلند پہاڑی پر6سو فٹ لمبا اور 450فٹ چوڑا قومی پرچم بنایا جو کئی کلو میٹر دور شہر کے طول وعرض سے نظر آتا اور بڑا خوبصورت لگتا تھا ۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر قاسم نے اس جھنڈے کومانسہرہ کی پہچان قرار دیکر ایک مستقل ٹیم کے ذریعےاس پرچم کی مسلسل دیکھ بھال کا وعدہ کیا تھا، مگر 4ماہ تک کوئی توجہ نہ ملنے اور موسم کی سختیوں کی وجہ سے یہ وسیع قومی پرچم تیزی سےمعدوم ہونے لگا اور اسکے رنگ پھیکے پڑنے لگے ہیں۔ مانسہرہ کے عوام خصوصاً سیاحوں نے ضلعی انتظامیہ سے پرچم کو محفوظ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔