25 اپریل ، 2012
نئی دہلی…پاکستان اور بھارت کے درمیان ویزے کی پابندیاں نرم کرنے کے معاہدے پر آئندہ ماہ دستخط کا امکان ہے، یہ بات بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم من موہن سنگھ کی 8 اپریل کو ہونے والی ملاقات پر لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں عوامی رابطوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ویزا پابندیاں نرم کرنے پر کام کیا گیا ہے اور معاہدے پر آئندہ ماہ اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے داخلہ سیکریٹریز کے اجلاس میں دست خط کا امکان ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے میں منقسم خاندانوں خصوصاً 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور شادیوں اور جنازوں میں شرکت کرنے والوں کو ویزے دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔=