پاکستان
17 دسمبر ، 2014

طالبان بڑا خطرہ ہیں، ان کیخلاف جنگ جاری رہےگی،خواجہ آصف

 طالبان بڑا خطرہ ہیں، ان کیخلاف جنگ جاری رہےگی،خواجہ آصف

اسلام آباد......وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہمارے بچے مررہے ہیں ۔ تابوت جتنے چھوٹے ہیں ان کا وزن اتنا ہی زیادہ ہے ۔آج پاکستانی قوم ایک سو سے زیادہ چھوٹے تابوت اٹھارہی ہے ۔ پاکستان کی بقا اور خطے میں امن کے لیے طالبان سب سے بڑا خطرہ ہیں، ان سے جنگ جاری رہے گی ۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیردفاع نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کےسانحے کے باوجود حکومت کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ پاکستان گیارہ بارہ سال سے فرنٹ لائن پر ہے ، عالمی برادری خاص طورپر مغربی ممالک کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے ۔"یہ بہت الم ناک سانحہ ہے، جب لوگ ہم سے کہتے ہیں کہ یہ جنگ کیسے لڑنی چاہیے اور جب وہ کہتے ہیں کہ ہم کسی گروپ کے ساتھ امتیازی سلوک کررہے ہیں اور کافی اقدامات نہیں کررہے تو اس پر دکھ ہوتا ہے ۔ یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو گھٹانے کے مترادف ہے "خواجہ آصف نے کہا کہ سانحہ پشاور یقیناً سیکیورٹی میں کوتاہی کا نتیجہ ہے ۔ دہشت گردوں سے جنگ کے معاملے پر حکومت اور مسلح افواج کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ۔"آپریشن ضرب عضب کے جواب میں طالبان کا رد عمل متوقع تھا ، یقیناً سیکیورٹی میں کچھ کوتاہی ہوئی ہے جو دہشت گرد اسکول کی عقبی دیوار سے اندر گھس آئے ۔ جہاں تک دہشت گردی کے خلاف جنگ کا تعلق ہے تو اس پر حکومت اور مسلح افواج ایک صفحے پر ہیں ۔ ان کے درمیان قطعاً کوئی اختلاف نہیں ہے "وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان کے مختلف گروپوں کے درمیان اچھے یا برے طالبان کی تمیز نہیں کرتی ۔ یہ سب برے طالبان ہیں ۔

مزید خبریں :