دنیا
09 جنوری ، 2015

اخبار کے دفتر پر حملہ:دنیا بھر کا فرانس سے اظہار یک جہتی

اخبار کے دفتر پر حملہ:دنیا بھر کا فرانس سے اظہار یک جہتی

پیرس .....فرانسیسی اخبار کے دفتر پر حملے اور 12افراد کی ہلاکت کے بعد فرانس میں سوگ منایا گیا ۔ دنیا بھر میں بھی فرانس سے یک جہتی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ پیرس میں بدھ کو اخبار کے دفتر پر حملے اور 12 افراد کی ہلاکت کے بعد فرانسیسی عوام سوگ میں ہیں ۔ یوم سوگ پر پورے ملک میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ،قومی پرچم بھی ہفتے تک سرنگوں رہے گا ۔ پیرس میں بہت سے لوگ مرنے والوں کی زیر تعمیر یادگار پر گئے ، پھول رکھے اور شمعیں روشن کیں ،ایفل ٹاور بھی سوگ میں ڈوبا رہا جس کی لائٹیں مرنے والوں کی یاد میں کئی منٹ تک بند رکھی گئیں ۔ برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان نے مرنے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔ برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ پر قومی پرچم بھی سرنگوں رہا ۔ یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں سیاسی رہ نما اور عوام فرنچ انسٹی ٹیوٹ کے باہر جمع ہوئے اور فرانس سے یک جہتی کا اظہار کیا ۔ جرمن چانسلر انگیلا مرکل فرانسیسی سفارت خانے گئیں اور تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کیے ۔ جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی Tiblisi میں لوگوں نے فرنچ انسٹی ٹیوٹ کے باہر مظاہرہ کیا ۔ اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھی لوگ فرانسیسی سفارت خانے کے سامنے اکٹھے ہوئے اور مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں بھی لوگ سٹی ہال کے باہر جمع ہوئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔ فرانسیسی سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ نیدرلینڈزکے شہر ایمسٹر ڈیم میں بھی ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا ۔ سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں بھی لوگ فرانسیسی کلچر سینٹر کے سامنے جمع ہوئے اور شمعیں روشن کیں ۔

مزید خبریں :