11 جنوری ، 2015
میرام شاہ ......شمالی وزیرستان کے قریبی علاقے ایف آربنوں میں بچوں کوٹیکوں کے ذریعے پولیوسے بچاوکی ویکسین دینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام فاٹا میں پولیو سے بچاو کے لئے یہی ٹیکے استعمال کئے جائیں گے۔ حکام کاکہنا ہے کہ ایف آربنوں میں مقررہ بچوں کا 98 فیصد تک ہدف حاصل کیا گیا ہے۔ پشاورمیں فاٹا سیکرٹریٹ سے جاری تفصیلات کے مطابق فاٹا کی تاریخ میں پہلی بار ایف آربنوں میں 17ہزار393بچوں تک پہنچنے کا ہدف رکھا گیا تھا جن میں سے سے 17 ہزار 34 بچوں کو ٹیکے لگائے گئے۔فاٹا سیکرٹریٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس مہم میں مقررہ ہدف میں سے 98 فیصد بچوں تک رسائی حاصل کی گئی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسداد پولیو ٹیکہ جات مہم کو پورے فاٹا میں توسیع دینے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے کیونکہ یہ قطروں کے مقابلے میں زیادہ موثرطریقہ ہے۔