20 جنوری ، 2015
کراچی… رفیق مانگٹ.......سوئس میڈیا کے مطابق ممکنہ دہشتگردحملوں کے خدشے کے باعث سوئٹزرلینڈ نے سیاسی پناہ کیلئے درخواست گزاروں کا پس منظر جانچنا شروع کردیا، جن ممالک کے شہریوں کی درخواستوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ان میں پاکستان شامل ہے ۔ خفیہ ایجنسی درخواستوں کا جائزہ ممکنہ دہشتگردی کے نیٹ ورک سے تعلق کے شبے میں لے رہی ہے۔ ’’سوئس انفو‘‘ کی رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں ممکنہ دہشتگردوں کو روکنے کیلئے حکومت نے ان ممالک کے شہریوں کی درخواستوں کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے جن کے شہریوں نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دے رکھی ہیں۔فیڈرل انٹیلی جنس سروس (ایف آئی ایس) جہادی سرگرمیوں کے پیش نظردرخواست گزار وںکے پس منظر کی جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ . فیڈرل مائیگریشن آفس کے ترجمان مارٹن رچلن کا کہنا ہے کہ بعض ممالک کے شہریوں نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دے رکھی جن کا جائزہ لینے کیلئے انہیں فیڈرل انٹیلی جنس سروس کو بھیجا جاتا ہےتاہم یہ خود کار طریقے کے تحت ہو تا ہے اور ان درخواست گزار شہریوں اور ممالک کے نام کو افشا نہیں کیا جاتا،تاہم فی الحال شک کیلئے فوری وجہ وموجود نہیں۔اخبار کے مطابق ان ممالک کی فہرست میں پاکستان سمیت شام، عراق، یمن، صومالیہ اورافغانستان ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں مشتبہ سرگرم دہشتگرد گروہ داعش کے ارکان سیاسی پناہ کے طور پر داخل ہو سکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت3 عراقی شہریوں سے داعش کے ساتھ تعلقات کی بنیاد پر تفتیش کی جا رہی جو اس طرز پر سوئٹزرلینڈ میں داخل ہوئے۔وفاقی مائیگریشن آفس نے ان اعدادو شمار کے بارے میں نہیں بتایا کہ دہشتگرد تنظیموں سے روابط پر کتنے سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔