پاکستان
29 جنوری ، 2015

ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج

ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج

کراچی.......ایم کیو ایم کے کارکن سہیل احمد کے قتل کے خلاف ملک بھرمیں یوم سوگ منایا گیا اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ سہیل احمد کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ لاہورمیں ایم کیوایم پنجاب کے تحت پریس کلب کے باہر کارکنوں کی کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرے کی قیادت ایم کیوایم پنجاب کے جنرل سیکرٹری رانا اشرف نے کی۔ کوئٹہ میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل کے خلاف نعرے لگائے۔ پشاور میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن پشاور پریس کلب کے سامنے جمع ہوئے اور کراچی میں ایم کیو ایم کارکن سہیل احمد کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے سندھ حکومت اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔الطاف حسین کی اپیل پرسندھ کے مختلف شہروں میں بھی ہڑتال ہوئی۔ ایم کیو ایم کے یوم سوگ اورشٹرڈاون ہڑتال کی اپیل پرحیدرآباد شہر اور لطیف آباد مکمل طور پر بندرہے۔ جامشورو، ٹنڈوجام، ٹنڈوآدم، کوٹری، ٹنڈوالہٰ یارمیں بھی کاروبار زندگی معطل رہاجبکہ مختلف مقامات پر ٹائر جلا کراحتجاج بھی کیاگیا۔ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو میں ہونےوالا پرچہ ملتوی کردیا گیا،جس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سکھر اور میرپورخاص میں ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکز اورپیٹرول پمپ بند رہے۔ ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کاسامنارہا۔ نوابشاہ اورجیکب آباد سمیت سندھ کے دیگرچھوٹےبڑےشہروں میں بھی نہ پیٹرول پمپ کُھلے نہ کاروباری مراکز۔ سڑکیں ویران اوردکانوں پرتالے پڑے رہے۔تاہم متحدہ کے قائد الطاف حسین کی اپیل پرشام چار بجے کاروباری سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہوگئیں۔دوسری جانب ملتان میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نےپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔رحیم یارخان،بہاول نگر،سیالکوٹ،فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی کارکنان نےاحتجاج کرتے ہوئے پارٹی کارکن سہیل احمد کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی۔مظفرآباد میں ایم کیو ایم آزادکشمیر کے کارکنان نے زونل آفس سے سینٹرل پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔

مزید خبریں :