30 جنوری ، 2015
کراچی .....وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج منظرعام پرآرہے ہیں ،جب پی پی ،ایم کیوایم اتحاد کی باتیں ہوئیں تو ہمیں بڑی خوشی ہوئی،ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی مل کر کراچی میں امن کے قیام کیلئے کام کریں۔وزیر اعظم کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر سندھ وزیر داخلہ چودھری نثار اور وزیر خزانہ اسحق ڈار ،سندھ کابینہ کے ارکان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہ بھی شریک ہوئے۔وزیراعظم نواز شریف نے امن وامان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں سہیل احمد ،فراز اور ریحان کےقتل کے واقعات سنگین ہیں،مارنے والے کون ہیں؟ کس نے یہ کام کیا ؟تہہ تک جانا چاہیے،قتل میں حکومتی پارٹی ،انتظامیہ ،شر پسند جوبھی ملوث ہیں،انہیں منظر عام پر لایاجائے۔کراچی آپریشن کے سلسلے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج منظرعام پرآرہے ہیں، تمام جماعتیں تیزی سے عمل کریں گی تو مثبت نتائج نکلیں گے،وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان کسی ایک نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکا جدوجہد سےبنا،قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلیے بھی قوانین بن چکے ہیں۔اجلاس سے قبل وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کے بابر غوری، قمر منصور اور حیدر عباس رضوی ، ایم کیو ایم کے مقتول کارکنان سہیل احمد،ریحان اور فراز کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔