30 جنوری ، 2015
بارسلونا......شفقت علی رضا......اسپین ویسے تو دنیا بھر میں بل فائٹنگ اور ٹماٹروں کی جنگ ’’توماتینو‘‘ کی وجہ سے مشہور ہے لیکن سب یہ جان کر حیران ہوں گے کہ اسپین میں ٹماٹروں ، شلجموںکی جنگ تو ہوتی تھی مگر دو سو سال سے اسپین کے مختلف قصبوں میں ایک تہوار ایسا بھی منایا جاتا ہے جس میں لوگ ایک دوسرے پر آٹے کی بارش کر دیتے ہیں اور اسی لئے اس تہوار کو ’’آٹے کی جنگ ‘‘ کہا جاتا ہے ۔اسپین کے قصبے ’’ شینسو دے لیمیا‘‘ میں سالانہ فلور فائٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میںہسپانوی افراد نے گلیوں میں جمع ہو کر ایک دوسرے پر آٹے اور چوکھر کی بارش کر دی ۔اسپینش زبان میں اس میلے کو ’’ ڈومینگو فیئر لیرو ‘‘ فیسٹیول کے نام سے یاد کیا جاتا ہے میلے میں مرد اور خواتین اپنے بچوں کے ساتھ خصوصی طور پر تیار کئے گئے لباس پہن کر شرکت کرتے ہیں ،جہاں سوکھے آٹے کے ساتھ ساتھ میدے کو برتنوں کی بجائے پائپ کے ذریعے پانی کی طرح ایک دوسرے پر برسایا جاتا ہے جس سے تمام شرکاء محظوظ ہوتے ہیں ۔دو سو سال سے جاری اس فیسٹیول کو شینسو دے لیمیا کا ہر شہری بھر پورجوش و جذبے سے مناتا ہے ۔یہ فیسٹیول جنوری کی 25تاریخ کو منایا جاتا ہے ۔ ہسپانوی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمارے بزرگ اس میلے میں آٹے کو استعمال کرکے شیطانی طاقتوں کو شکست دیتے تھے اور ہم اس ہی رسم نبھاتے ہیں ۔