پاکستان
01 فروری ، 2015

میٹرک بور ڈ کراچی امتحانی فارم کی تاریخوں میں توسیعکرے،ایم کیوایم

کراچی ......ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے میٹرک بور ڈ کراچی کی جانب سے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخوں میں توسیع نہ کرنے اور طلبہ سے مزید لیٹ فیس لینے کے اقدام کی مذمت کی ہے۔رابطہ کمیٹی نے ایک بیان میںکہا کہ 29تاریخ کو سہیل احمد کے ماورائے عدالت قتل پر ملک بھر میں یوم سوگ کے سبب معمولات زندگی معطل رہے اور طلبہ امتحانی فارم جمع نہیں کرواسکے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ میٹرک بورڈ انتظامیہ نے اسکول انتظامیہ اور طالبعلموں کی پریشانی کو خاطر میں لائے بغیر لیٹ فیس کا اطلاق کر دیا ، دنیا بھر میں تعلیمی بورڈز طلبہ کو سہولتیں فراہم کرتے ہیں لیکن ہمارے ملک میں تعلیمی بورڈز کو کمائی کا ایک ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے گورنر اور وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ 29تاریخ کے بعد لیٹ فیس کے ساتھ فارم جمع کرانے والے طلبہ کولیٹ فیس کی رقم واپس کی جائے اور نویں اور دسویں جماعت کے امتحانی فارم کی آخری تاریخوں میں فوری توسیع کا اعلان کیا جائے۔دریں اثنامتحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ امن کی دھرتی تھی اور امن کی دھرتی ہے لیکن منافقت پھیلانے والے لوگ یہاں بھی پہنچ گئے۔سکھر کے سول اسپتال میں سانحہ شکار پور کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ سانحہ شکار پورکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،قائد تحریک الطاف حسین 10 سال سے کہہ رہے ہیں کہ دہشت گردی کا خطرہ بڑھ رہا ہے،لیکن سندھ حکومت امن امان کو نظر انداز کر تی رہی،حکمرانوں کو سیاسی مفادات سے باہر نکل کر کام کرنے چاہیں،پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا ساتھ دینا چاہیں۔

مزید خبریں :