01 فروری ، 2015
کراچی......کراچی کے جناح اسپتال میں نرسنگ کی طالبہ کی خودکشی کا معمہ حل نہیں کیا جا سکا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق نرس نے دوران ڈیوٹی زہریلا انجیکشن لگا کر خود کشی کی۔ پچھلے پانچ برسوں میں جناح اسپتال میں نرسنگ اسٹاف کی خودکشی کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق نرسنگ اسکول میں فورتھ ائیر کی طالبہ کی ڈیوٹی نائت شفٹ میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں تھی۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب عالیہ نامی طالبہ کچھ دیر آرام کا کہہ کر چینجنگ روم میں گئی۔ جہاں کچھ دیر بعد جب اسٹاف بلانے گیا تو وہ بستر پر اوندھی پڑی تھی جب کہ بیڈ کے قریب ہی ایک انجیکشن بھی ملا۔ دوسری جانب خودکشی کرنے والی نرس کے اہل خانہ پوسٹ مارٹم کرائے بغیر لے گئے۔ پولیس کے مطابق نرس کی خودکشی کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا تاہم تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر تربیت نرس نے ذاٹی وجوہات کی وجہ سے خودکشی کی۔اسپتال ذرائع کے مطابق 5 برسوں میں جناح اسپتال میں نرسنگ اسٹاف کی خودکشی کا تیسرا واقعہ ہے۔