03 فروری ، 2015
اسلام آباد .....پی آئی اے ملازمین کے ملک بھر میں احتجاج کے باعث پروازیں متاثر ہورہی ہیں جس سے مسافر وں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ قومی ایرلائن کے ملازمین ٹیکس وصولی کے خلا ف احتجاج کررہے ہیں ۔ پی آئی اے کا پہیہ جام ہوگیا،پروازوں کا آنا جانا مشکل ہوگیا،وجہ بوڑھے طیارے نہیں، بلکہ قومی ایرلائن کے ملازمین ہیں ،جو مطالبات منوانے کےلیے کام چھوڑ کر احتجاج پر لگ گئے ہیں۔ احتجاج کی وجہ سے طیاروں میں بیٹھے مسافر اور سواری کے منتظر افراد سبھی پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔ اسلام آباد میں پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے لاہور ، مانچسٹر اورکابل کےلیے پروازیں روک دی گئیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بھی ملازمین کام بند کرکے بیٹھ گئے ہیں اور فلائٹ آپریشن معطل ہے، کراچی میں سی بی اے ایئرلیگ نے احتجاجی مظاہرے میں مطالبات کی منظوری کےلیے شام6 بجے تک کی ڈیڈلائن دی ہے ، یہ احتجاج بنیادی طور پر ملازمین کو حاصل مفت ٹکٹ کی سہولت پر ٹیکس عائد کیے جانے کے خلاف ہے ، گزشتہ ماہ سے پی آئی اے نے ملازمین سے مفٹ ٹکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی شروع کردی ہے ، اس ڈیوٹی کا اطلاق گزشتہ بجٹ میں ہوا تھا تاہم احتجاج کے پیش نظراب تک اس کی وصولی نہیں کی جارہی تھی ۔