شہر شہر
21 جون ، 2017

کراچی،گلشن اقبال کی مسجد میں معتکفین لٹ گئے

کراچی،گلشن اقبال کی مسجد میں معتکفین لٹ گئے

کراچی میں لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، عید الفطر سے پہلے ہی اسٹریٹ کرمنلز عیدی وصول کرنے نکل پڑے، جرائم پیشہ افراد دن دہاڑے کارروائیاں کرنے لگے، اعتکاف میں بیٹھے افراد بھی نہ بچے، گلشن اقبال بلاک 7کی مسجد میں نامعلوم شخص اعتکاف میں بیٹھے افراد کے موبائل فون اور پرس لے اڑا۔

ملیر میں ملزمان نے سپر اسٹورلوٹ لیا، تین ہٹی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے، لٹیرے ٹریفک جام کا فائدہ بھی اٹھانے لگے ۔


گلشن اقبال کی مسجد سے ایک ملزم معتکفین کے موبائل فونز اور بٹوے چوری کرکے فرارہوگیا،سی سی ٹی وڈیو میں ملزم کو چوری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہےجبکہ راشد منہاس روڈ سے شہری سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔

جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے بلا خوف سپر اسٹور اور دکانوں میں بھی لوٹ مارکا سلسلہ جاری ہے، ایسا ہی ملیر کھوکھراپار میں ہوا، جہاں گزشتہ رات ایک سپر اسٹور میں بھی جہاں دوملزمان نے لاکھوں روپے کا صفایا کردیا۔

جیو نیوز کو ملنے والی سی سی ٹی وی ویڈیوکے مطابق دونوں ملزمان کو اسلحے کے زور پراسٹور میں لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے،دوران واردات ایک ملزم نےنقاب پہنا ہوا ہے جبکہ اس کے ساتھی کا چہرہ واضح ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان اسلحے کے زور پر سپراسٹور سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔


وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے جیو نیوز پر خبرچلنے کے بعد ڈی آئی جی ایسٹ عارف حنیف سے رپورٹ طلب کرلی۔

جبکہ پولیس نے گلستان جوہر کے قریب راشد منہاس روڈ پرکارروائی کرتے ہوئے شہری سے رقم لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی گلشن مرتضیٰ بھٹو کے مطابق ملزم نے بینک سے نکلنے والے شخص سے 12 لاکھ روپے لوٹے تھے، ملزم سے لوٹی ہوئی رقم، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

مزید خبریں :