کھیل
Time 24 اگست ، 2017

پاکستان کے دورے پر آنے والی 14 رکنی ورلڈ الیون ٹیم کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے آئندہ ماہ پاکستان کے دورے پر آنے والی ورلڈ الیون ٹیم کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون آئندہ ماہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پاکستان آئے گی اور ٹیم میں 14 نامی گرامی کرکٹر شامل ہیں۔

چیرمین پی سی بی کے مطابق آسٹریلیا کے 3، ویسٹ انڈیز سے 2، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، سری لنکا اور بنگلادیش سے ایک ایک کھلاڑی ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹیم میں ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل اور ڈیوڈ ملر شامل ہیں۔

ورلڈ الیون ٹیم میں آسٹریلیا سے جارج بیلی، ٹم پین، ویسٹ انڈیز سے سیموئل بدری اور بین کٹنگ، انگلیںڈ سے پال کولنگ وڈ، نیوزی لینڈ سے گرینٹ ایلیٹ، بنگلادیش سے تمیم اقبال اور سری لنکا سے تھسارا پریرا شامل ہیں۔ 

چیرمین پی سی بی کے مطابق پاکستان اور انٹرنیشنل الیون کے درمیان سیریز 'انڈیپنڈینس' کے نام سے ہوگی جب کہ سیریز کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 13،12 اور 15 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

نجیم سیٹھی نے کہا کہ زمبابوے کے سابق کپتان اینڈی فلاور ورلڈ الیون کی 14 رکنی ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔ 

نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کی آمد جائلز کلارک کی کوششوں سے ممکن ہوسکی، آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم ستمبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان آ رہی ہے اور ورلڈ الیون کا پاکستان آنے سے پہلے دو روزہ کیمپ دبئی میں لگے گا۔

چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کے ایونٹ کے بعد میرا مقصد کراچی میں میچ کرانا ہے اور پاکستان سپر لیگ کو پاکستان میں لانا ہے۔ 

نمائندہ جیو نیوز عمران سہیل کے مطابق پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان سیریز کے لئے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تیاریاں تیز کردی گئی ہیں اور گراؤنڈ میں نئی گراس لگانے کے علاوہ تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے۔ 

نمائندے کے مطابق پاکستان الیون کے حتمی کھلاڑیوں کا اعلان 7 ستمبر کو کئے جانے کا امکان ہے جب کہ ورلڈ الیون کی ٹیم  دبئی سے 11 ستمبر کی رات لاہور پہنچے گی اور 12 ستمبر کو پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔  

دوسری جانب ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے ورلڈ الیون ٹیم کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے لئے بھرپور طریقے سے تیار ہیں۔



مزید خبریں :