کاروبار
Time 06 اکتوبر ، 2017

رواں مالی سال ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4013 ارب روپے مقرر

اسلام آباد: حکومت نے رواں مالی سال کے لیے ٹیکس وصولوں کا ہدف 4013 ارب روپے مقرر کردیا۔

اسلام آباد میں بورڈ بورڈ آف ریونیو کی چیف کمشنرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں مالی سال کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4013 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ سال کے ہدف سے 19.4 فیصد زیادہ ہے، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں یہ اضافہ جولائی تا ستمبر کے دوران 41 ارب روپے کے ریفنڈز کی ادائیگی کے باوجود ہوا ہے جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 19 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے تھے۔

اسحاق ڈار نے اس اہم کامیابی پر ایف بی آر کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے مجموعی اہداف کے حصول کے لیے اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے  ٹیکس کی بنیاد کو حقیقی معنوں میں وسعت دینے کے لیےکوششوں پر زور دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس گزاروں کو دوستانہ ماحول فراہم کیا جانا چاہیے جب کہ یہ عام لوگوں، کاروباری برادری اور دیگر کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیکس ادا کریں۔

مزید خبریں :