کھیل
Time 03 دسمبر ، 2017

دہلی کی فضائی آلودگی نے سری لنکن کھلاڑیوں کو ماسک پہننے پر مجبور کردیا

سری لنکن کپتان دنیش چندیمل میچ کے دوران ماسک پہنے ہوئے۔اسکرین گریپ

نئی دہلی میں بھارت اور سری لنکن ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ فضائی آلودگی کے باعث متاثر ہوا جب کہ مہمان  کھلاڑی ماسک پہن کر فیلڈنگ کرتے رہے۔

نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث سری لنکن ٹیم کو بولنگ اور فیلڈنگ میں دشواری کا سامنا رہا اور اس حوالے سے مہمان ٹیم کے کپتان دنیش چندیمل نے امپائر کو آگاہ کیا۔

فیلڈنگ کے دوران دو لنکن کھلاڑیوں کی حالت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں میدان سے باہر جانا پڑا جب کہ دیگر کھلاڑی ماسک پہن کر فیلڈنگ اور بولنگ کرتے رہے۔ 

ایک موقع پر سری لنکا کے دس کھلاڑی فیلڈ میں موجود تھے، جس کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔

بھارتی صحافی وویک نے جیو نیوز کو بتایا کہ فضائی آلودگی کے باعث سری لنکن ٹیم کو بولنگ کرنے میں مشکل پیش آرہی تھی جس پر ویرات کوہلی نے پہلی اننگز پانچ سو چھتیس رنز ، سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی ۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم میں فوری طور پر موسم کی جانچ پڑتال کرنے والے عملے کو بلایا جن کے مطابق ہوا کا تناسب پچھلے دن کی طرح ہی ریکارڈ کیا گیا اور موسم میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی جس پر میچ کو 15 منٹ کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا ٹیم بھی نئی دلی میں ماحول کی خرابی پر اعتراض کرچکی ہے۔  

مزید خبریں :