30 اپریل ، 2012
لاہور … قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے 11ماہ قبل آخری فرسٹ کلاس میچ وارکشائر کی جانب سے ڈرہم کے خلاف برمنگھم میں کھیلا تھا، تب سے اب تک پاکستان کیلئے 90 ٹیسٹ اور 288ون ڈے کھیلنے والے محمد یوسف کر کٹ کے افق سے غائب تھے، اب اچانک انہوں نے پاکستان سے کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ نیشنل کر کٹ اکیڈمی لاہور میں ڈیو واٹمو ر سے ملاقات کے بعد یوسف نے نیٹ پر نہ صرف بلے بازی کی بلکہ انہوں نے فٹنس ٹیسٹ بھی دیا۔ پاکستان کر کٹ بورڈ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ اور کپتان محمد یوسف کی قومی ٹیم میں واپسی کے حامی ہیں تاہم چیف سلیکٹر اقبال قاسم اور ان کی ٹیم سابق کپتان کی فرسٹ کلاس کر کٹ کھیلے بغیر پاکستان ٹیم میں واپسی کی حامی نہیں، دورہ سری لنکا کیلئے سلیکشن کمیٹی محمد یوسف کو ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل کر نے پر رضا مند نہیں ہے، ایسی صورت میں محمد یوسف کی قومی ٹیم میں واپسی صرف ایک ہی صورت میں ممکن ہے ،اگر چیئر مین پی سی بی انہیں ٹیم میں شامل کر نے کیلئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کریں ، دوسری صورت سابق کپتان کو نو لفٹ کے بورڈ کا سامنا ہے۔