30 مارچ ، 2015
کراچی..........سندھ ہائیکورٹ نےکراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 پر ضمنی انتخابات کے باعث میٹرک کے امتحان کا شیڈول تبدیل کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔دوسری طرف تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورعارف علوی کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست دائرکی گئی ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں این اے 246 پر ضمنی انتخابات کے باعث میٹرک کے امتحانات کا شیڈول تبدیل کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 23اپریل کو ضمنی انتخابات کے باعث امتحانات کا شیڈول تبدیل کیا گیا ہے اسے روکا جائے۔درخواست گزارکا کہنا تھا کہ سیاست کی وجہ سے تعلیم کو نظر انداز نہ کیا جائے۔سندھ ہائیکورٹ نے کیس پر کارروائی کرتے ہوئے میٹرک کے امتحان کا شیڈول تبدیل کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔دوسری طرف تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورعارف علوی کو نااہل قرار دینے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی گئی ہے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عمران خان اورعارف علوی کی آڈیو ٹیپ منظر عام پر آنے کے بعد انہیں نا اہل قراردیا جائے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے پی ٹی وی پر حملہ کروا کر ملکی وقار کو مجروح کیا،سرکاری ٹی وی پر حملہ بغاوت ہے، انکوائری کیلیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔