04 اپریل ، 2015
فیصل آباد .......فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دس پاکستانی یمن سے نکلنے کی کوشش میں عمان کی سرحد کے قریب پھنس گئےہیں۔اِن افراد کے اہل خانہ نے حکومت سےاپنے پیاورں کو بچانے کی اپیل کی ہے۔ فیصل آباد کے علاقوں ماموں کانجن اور کنجوانی سے مختلف خاندانوں کے دس افراد یمن میں فسادات پھوٹنے کے بعد وہاں سے نکلنے کی کوشش میں عمان کی سرحد کے قریب ایک مقام پر پھنس گئے ۔ اِن افراد کے اہل خانہ کاکہنا ہے کہ یہ تمام افراد ایک ہی کفیل کی فیکٹری میں جال بنننے کا کام کرتے تھے جس نے دور روز قبل فی کس دوہزار ریال لے کر انہیں عمان تک پہنچانے کا وعدہ کیا ،لیکن عمان کی سرحد کے قریب چھوڑ کر چلا گیا۔ سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے یمنی فوج نے ان لوگوں کو عمان میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیاجس پر انھوں نے عمان میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کیا تو انہیں مبینہ طور پر جواب دیا گیا کہ وہ عمان کی سرحد میں داخل ہو جائیں تو انکی مدد کی جا سکتی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق یہ افراد اس وقت بےیارومددر گار ہیں اور انکے پاس کھانے پینے کا سامان بھی ختم ہو چکا ہے۔ ورثا نے حکومت سے اِن افراد کی فوری واپسی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔