پاکستان
04 اپریل ، 2015

یمن کی صورتحال پر غور کے لیے سلامتی کو نسل کا اجلاس آج ہوگا

یمن کی صورتحال پر غور کے لیے سلامتی کو نسل کا  اجلاس آج ہوگا

نیویارک.........یمن کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے ۔دوسری جانب یمن میں اتحادی فوج کے فضائی آپریشن کے ساتھ مقامی جنگجووں اور حوثی باغیوں کے درمیان زمینی لڑائی بھی جاری ہے، جبکہ اتحادی افواج نے یمنی صدر کے محل کو باغیوں کے قبضے سے چھڑالیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس روس کی درخواست پر بلایا گیا ہے ۔ اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے ہوگا۔ اجلاس میں یمن میں شہریوں کی ہلاکت اور امدادی کارروائیوں میں ممکنہ رکاوٹ پربات چیت ہوگی ۔یمن میں سعودی عرب اور اتحادی ممالک کا آپریشن 10ویں روز میں داخل ہو گیا ہے ۔ سعودی فوج کے ترجمان بریگیڈیر جنرل احمد اسیری کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں کوئی جلدی نہیں، ہمیں آپریشن کے مقاصد حاصل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ باغیوں کے خلاف فضائی حملے جاری رہیں گے ۔غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ عرب اتحادی طیارے بمباری کے لیے یمن کے سرحد کے قریب سعودی ایئر بیس استعمال کر رہے ہیں ۔اتحادی افواج نے عدن میں یمنی صدر ہادی کے محل کو باغیوں کے قبضے سے چھڑا لیا ہے جبکہ القاعدہ کے جنگجوئوں نے ملٹری بیس سمیت کئی سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا ہے ۔ المکلا میں بھی آرمی ہیڈکوارٹر کو باغیوں کے قبضے سے چھڑانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔عدن میں مقامی جنگجووں اور حوثی باغیوں کے درمیان بھی شدید لڑائی ہو رہی ہے ۔ اتحادی افواج کی جانب سے طیاروں کے ذریعے اسلحہ اور جنگی سامان ملنے کے بعد مقامی جنگجووں نے لڑائی تیز کردی ہے اور باغیوں کو عدن کے وسطی علاقوں سے پیچھے دھکلینے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یمن کی سرحد پر فائرنگ سے مزید دو سعودی فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں ۔ جبکہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دو ہفتوں سے جاری کشیدگی میں اب تک 5 سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 17 سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں.یونیسف کا کہنا تھا کہ لڑائی کے دوران اب تک 62 بچے بھی لقمہ اجل بنے ہیں۔

مزید خبریں :