08 مئی ، 2012
لاہور… تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں، اعتماد سازی بڑھانا ہوگی۔ وہ جنگ گروپ اور ٹائمز آف انڈیا کے زیراہتمام منعقدہ بزنس کانفرنس کے آخری روز اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے پر اعتماد کرنے کی ضرورت ہے، وقت آگیا ہے کہ پاک بھارت تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے، پاکستان اور بھارت کو نفرتوں کو ختم کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام میں قدرتی تعلق موجود ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مسلسل مسائل اور بحرانوں کا سامنا ہے اور یہاں کی نوجوان نسل تبدیلی چاہتی ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے انعقاد پر جنگ گروپ کا شکریہ ادا کیا۔