26 جنوری ، 2012
لاہور… لاہور میں ادویات کے ری ایکشن سے ایک اور مریض چل بسا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک سو ایک ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں ادویات کے ری ایکشن مریضوں کو بڑے اسپتالوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کر دی۔ ادویات کے ری ایکشن سے آج میو اسپتال میں زیر علاج باغبانپورہ کا اصغر دم توڑ گیا۔ اسے چند روز قبل حالت خراب ہونے پر اسپتال لایا گیا تھا۔ اس وقت لاہور کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں 287 مریض زیر علاج ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام مریضوں کو بہترین اور مفت علاج مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی حالت بہتر نہ ہونے کے باعث ان کے لواحقین پریشان ہیں۔ پی آئی سی سے عارضہ قلب کی ادویات لینے والے مریضوں کو شکایت ہے کہ انہیں اسپتال سے متبادل ادویات نہیں دی جا رہیں، جو ادویات لکھ کر دی جا رہی ہیں بازار میں ان کی قیمت بہت زیادہ ہے۔ مریضوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر متبادل ادویات فراہم کی جائیں۔دوسری جانب مختلف تحقیقاتی ٹیمیں پانچ دوا ساز کمپنیوں کا معائنہ کر رہی ہیں ادویات کا ریکارڈ قبضے میں لینے کے بعد ادویات بنانے والے سیکشن کی چھان بین بھی کی جا رہی ہے۔