01 جون ، 2015
کراچی........جعلی ڈگری اسکینڈل سامنے آنے کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے بیرون ملک سے شعبہ طب میں اسناد حاصل کرنے والے ڈاکٹروں کی ڈگریوں کی تصدیق کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے ذرائع کے مطابق ایگزیکٹ کا جعلی ڈگری کا معاملہ سامنے آنے کے بعد بیرون ملک سے شعبہ طب میں اسناد حاصل کرنے والے ڈاکٹروں کی ڈگریوں کی جانچ پڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں بیرون ممالک کی غیر معروف اور معروف جامعات سے اسناد حاصل کرنے کی لسٹ مرتب کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کرکے ان جامعات کی تصدیق کی جائے گی۔ بیرون ممالک سے حاصل کی گئی اسناد کے کوائف سفارت خانےآن لائن فراہم کریں گے۔ پی ایم ڈی سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے پاس ایک لاکھ سے زائد ڈاکٹرزرجسٹرڈ ہیں۔