صحت و سائنس
04 جون ، 2015

اسپین: پاکستانی کمیونٹی کیلئے ذیابیطس میڈیکل ورکشاپ کا انعقاد

اسپین: پاکستانی کمیونٹی کیلئے ذیابیطس میڈیکل ورکشاپ کا انعقاد

بارسلونا.......شفقت علی رضا.......اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی لاپرواہی کی وجہ سے ان میں پھیلتی بیماریوں بالخصوص ’ذیا بیطس‘ سے آگاہی کے لئے ’کن سورسی ایسوسی ایشن بادالونا‘ کے زیر اہتمام میڈیکل ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس مین پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں ’شوگر‘ ذیابیطس کا مرض عام ہونے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی دوسری بیماریاں جن میں عارضہ قلب، جگر کی خرابی اور پھیپھڑوں کا ناکارہ ہوجانا شامل ہیں کے طریقہ علاج اور ان سے بچاو کے لئے ممکنہ تدابیر کے لئے اسپین کے سب سے بہترین طبی ماہرین نے میڈیکل ورکشاپ کے شرکاء کو مکمل آگاہی دی۔ طبی ماہرین نے کہا کہ ایشیائی اور خاص کر پاکستانی کمیونٹی اپنی بیماریوں کے علاج اور ان کی تشخیص کے حوالے سے لاپرواہ ثابت ہوئی ہے۔ ماہرین نے کہا کہ بارسلونا اور بادالونا میں زیادہ تر پاکستانی آباد ہیں اور ان کے گھروں کے پاس بہت سے اسپتال موجود ہیں، پاکستانیوں کو چاہیئے کہ وہ گاہے بگاہے اپنے قریبی اسپتالوں میں چیک اپ کراتے رہا کریں، تاکہ ان کے اندر پیدا ہونے والی موذی بیماریوں کا پتا لگے اور ان بیماریوں کا بروقت علاج شروع کیا جاسکے۔ کن سورسی ایسوسی ایشن کے پاکستانی نمائندہ عمیر ڈار نے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں رہتے ہوئے شوگر کا باقاعدہ چیک اپ کرواتے رہنا چاہیئے، کیونکہ یہ لاعلاج مرض نہیں ہے کہ جسکی وجہ سے مایوس ہوا جائے۔ میڈیکل ورکشاپ سے پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے راجہ شفیق الرحمان کیانی اور سعد اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔

مزید خبریں :