پاکستان
19 جون ، 2015

سیاسی چیلنج کے باعث ایکشن پلان پرعمل میں وقت لگے گا،عاصم باجوہ

سیاسی چیلنج کے باعث ایکشن پلان پرعمل میں وقت لگے گا،عاصم باجوہ

راولپنڈی........ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ سیاسی چیلنجز کی وجہ سے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں وقت لگے گا، قبائلی علاقے میں عملی کارروائیاں اور دہشت گردوں کی مالی معاونت بند ہونا نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کا مظہر ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گرد گروہوں کی مالی مدد روکنے میں موثر ثابت ہو رہا ہے،اس منصوبے کی بڑی کامیابی قبائلی علاقے میں عملی کارروائیاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے کچھ حصوں کو شروع کیا جا چکا ہے لیکن سیاسی چیلنجز کے باعث ایکشن پلان کے بعض حصوں پر عملدرآمد کیلئے وقت درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ شدت پسندی سے نجات کے لئے کچھ پائلٹ پروگرام شروع کئے تھےجن کادائرہ اب قومی سطح تک وسیع کر دیا گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کے وفد کے دورۂ ماسکو کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان روس سے عسکری ساز وسامان خریدنے کے ایک معاہدے کوحتمی شکل دینا چاہتا ہے۔

مزید خبریں :