پاکستان
19 جون ، 2015

انکوائری کمیشن جولائی کے پہلے ہفتے میں کام مکمل کر لے گا:چیف جسٹس

انکوائری کمیشن جولائی کے پہلے ہفتے میں کام مکمل کر لے گا:چیف جسٹس

اسلام آباد.........عام انتخابات انکوائری کمیشن جولائی کے پہلے ہفتے میں اپنا کام مکمل کر لے گا۔انکوائری کمیشن کا تیسواں اجلاس چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں ہوا۔ کمیشن میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں این اے 130، این اے 157، اور این اے 171کےریٹرنگ افسران نے بیانات قلم بند کروائے۔ ریٹرننگ افسران کا کہنا تھا کہ اضافی بیلٹ پیپرز کھولے بغیر واپس مال خانے میں جمع کرا دیے، این اے 171کے ریٹرننگ افسر نے کہا کہ یہاں سے تحریک انصاف کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوئی، بطور ریٹرننگ افسر 44ہزار اضافی بیلٹ پیپرز اپنے پاس رکھے تھے۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے بیان قلم بند کرایا۔ انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ پر انتخابی دھاندلی سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف تمام الیکشن پیٹیشنز خارج ہوئیں۔ کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے کہا کہ کمیشن جلد اپنی کارروائی مکمل کرنا چاہتا ہے۔ تحریک انصاف کے وکیل حفیظ پیرزادہ، مسلم لیگ ن کے شاہد حامد پیپلز پارٹی کے اعتزازاحسن اور الیکشن کمیشن کے وکیل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ وہ 29جون سے شروع ہونے والے ہفتے میں اپنے دلائل مکمل کر لیں گے۔ کمیشن نےمسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے وکلاء سے انکوائری کمیشن قائم کرنے کے آرڈیننس سے متعلق سیاسی جماعتوں میں مفاہمتی یاداشت طلب کرتے ہوئے کارروائی 29جون تک ملتوی کردی۔ ذرائع کے مطابق کمیشن کی کارروائی جولائی کے پہلے ہفتے میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :