پاکستان
19 جون ، 2015

کے الیکٹرک نے یکم رمضان کو ہی لوڈ شیڈنگ کا بم گرا دیا

کے الیکٹرک نے یکم رمضان کو ہی لوڈ شیڈنگ کا بم گرا دیا

کراچی .......کراچی میں رمضان المبارک کی پہلی تاریخ کو ہی کے الیکٹرک نے شہریوں پر لوڈ شیڈنگ کا بم گرا دیا۔ لوگوں نے پہلا روزہ 38 ڈگری سنٹی گریڈ کی گرمی اور طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں گزارا۔کے الیکٹرک کے بلند و بانگ دعوے صرف دعوے ہی ثابت ہوئے۔ شہر کراچی میں مہینہ بدلا لیکن کے الیکٹرک کا رویہ نہیں بدلا۔ لوگوں نے رحمتوں اور برکتوں کے مہینے کو خوش آمدید کہا لیکن اندھیرے میں۔ پہلی سحری پر ہی شہر کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے۔ رمضان کی پہلی سحری پر شاہ فیصل کالونی، نارتھ ناظم آباد بلاک ایس اور جی، ملیر اور گلستان جوہر کے مختلف علاقوں، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور لائنز ایریا میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ دن کے اوقات میں بھی شہر کے بیشتر علاقوں کے شہری شدید گرمی اور حبس کا سامنا کرتے رہے لیکن کے الیکٹرک کو روزہ داروں پر پھر بھی رحم نہ آیا۔ محمود آباد، منظور کالونی، نارتھ کراچی، لائنز ایریا، ملیر اور لیاری کے مختلف علاقوں میں سارا دن غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری رہی۔ افطار کے اوقات میں بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی، جبکہ اکثر علاقوں میں بجلی نے منہ دکھانی ہی نہیں کرائی۔ گلستان جوہر بلاک 8 میں 3 دونوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے مگر کے الیکٹرک کا عملہ خرابی دور کرنے کے لئے نہیں پہنچ سکا۔ بفر زون اور عباس ٹاؤن کے بعض علاقوں میں بھی کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شہر میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ تمام علاقوں میں بجلی کی تسلسل کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں :