24 جون ، 2015
لندن .....سائنس دان سرخ سیارے مریخ پر ایک عرصے سے تحقیق میں مصروف ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ نئے انکشافات ظاہر کرتے ہیں کہ زمین اور مریخ کا ماحول کبھی ایک جیسا تھا۔ یونیورسٹی آف یوٹریکٹ کے تحت مریخ کے مطالعے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سرخ سیارے پر موجود اسٹوک نامی ایک گڑھا مریخ کے دیگر مقامات کے مقابلے میں نیا ہے، جو تقریبا 2 لاکھ سال قبل وجود میں آیا ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ گڑھے میں پایا جانے والا کٹائو ، پانی کے بہائو کی وجہ سے وجود میں آیا ہے اور اگر اس بات کا تجزیہ کرلیا جائے کہ پانی کی کتنی مقدار سے یہ کٹائو وجود میں آیا تو اس بات سے یہ بھی معلوم ہوجائیگا کہ پانی کی یہ مقدار کتنی برفباری کے بعد جمع ہوئی ہوگی اور برف کا پھگلنا اس بات کو تقویت دیتا ہے کہ مریخ کا درجہ حرارت ماضی قریب میں کبھی گرم رہا ہوگا، جس کی وجہ سے یہ برف پگھلی۔