26 جون ، 2015
اسلام آباد ...... کابینہ ڈویژن اور دفترخارجہ کے انکار کے بعد بالآخر نادرا نے سابق وزیراعظم گیلانی سے ترک وزیراعظم کی اہلیہ کا ہار لے لیا ہے۔ ہار 2010 میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے دیا گیا تھا ۔سابق وزیراعظم گیلانی کے اسٹاف سے ترک وزیراعظم کی اہلیہ کا ہار لینے کو کوئی بھی تیار نہیں ۔آج سابق وزیراعظم کا اسٹاف ہار لے کر پہلے کابینہ ڈویژن پہنچا تو وہاں موجود عملے نے ان سے ہار لینے سے معذرت کی اور وزرات خارجہ جانے کو کہا۔ذرائع کے مطابق اسٹاف ہار لے کر دفتر خارجہ پہنچ گیا ۔ دفتر خارجہ نے ہار لانے والے اسٹاف سے کہا کہ آپ ہار گھر لے جائیں ہم آپ سے خود رابطہ کرینگے۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اعلیٰ سطح کی جانب سےہدایت آنے کےبعد آپ سےرابطہ کیا جائیگا ۔ بعد ازاں نادرا حکام نے سابق وزیراعظم کے اسٹاف سے ترک وزیراعظم کی اہلیہ کا ہار لے لیا ہے۔ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی کے اسٹاف نے ہار نادرا حکام کے حوالے کردیا ہے۔