27 جون ، 2015
لاہور.....صوفیانہ کلام اور لوک گائیکی میں حامد علی بیلا کا نام ان بڑے فنکاروں میں شامل ہے جنہوں نے پنجاب کی دھرتی سے پھوٹتی محبتوں کواپنی میٹھی سریلی آواز کے ذریعے ہر دل تک پہنچایا۔اس درویش صفت لوک فنکار کی چودھویں برسی منائی جارہی ہے۔ایک تو دلوں میں اتر جانے والا صوفیانہ کلام ،اوپر سے حامد علی بیلا کی روح کے تار چھیڑ دینے والی میٹھی سریلی آواز،درویش صفت گلوکار کچھ اس طرح ڈوب کر کافیاں ، غزلیں اور گیت گاتا کہ سننے والوں پر سحر طاری ہو جاتا ۔ مادھو لال حسین کا کلام تو حامد علی بیلا کی پہچان بن گیا۔پٹیالہ گھرانے کی یہ آواز سب سے پہلے ریڈیو پاکستان سے گونجی اور پھر شاہ حسین ، غلام فرید اور محمد بخش کی کافیاں گاتے گاتےیہ فقیرمنش فنکار،فن اور شہرت کی بلندیاں پاتا گیا۔مسحور کن لوک اور صوفیانہ گائیکی کی بدولت پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈ پائے مگر تنگ دستی مقدر بنی رہی۔اندرون لاہور ایک کمرے کے مکان میں عمر گزار دینے والا یہ عظیم فنکار اسی کسمپرسی میں 27جون دوہزار ایک کو اس جہان فانی سے منہ موڑ گیا۔