02 جولائی ، 2015
اسلام آباد.......ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ افغان صدر سے منسوب پاکستان مخالف بیان درست نہیں، پاکستان افغانستان میں امن کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہا ہے جو ہمارے بہترین قومی مفاد میں ہے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان وزیرداخلہ نے دورۂ پاکستان اپنی ملکی صورتحال کے پیش نظر کیا ہے، افغان صدر سے منسوب بیان حقیقتاً درست نہیں۔ میڈیا میں افغان صدر سے منسوب ریمارکس ہم نے دیکھے ہیں، تاہم ہماری اطلاعات کے مطابق یہ ریمارکس حقیقتاً درست نہیں ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ متنازع تجزیہ کار زید حامد کی سزا کی تفصیلات کیلئے پاکستانی سفارت خارجہ سعودی حکام سے رابطے میں ہے، زید حامد کیلئے قونصلر رسائی کی درخواست کی گئی ہے۔ سعودی عرب میں ہمارا سفارت خانہ حکام سے رابطے میں ہے، تاہم پاکستانی سفارت خانے کو سعودی حکام کی طرف سے زید حامد کو دی جانے والی سزا کی تصدیق نہیں کی گئی، ہمیں زید حامد کو دی جانے والی سزا کی تصدیق کا انتظار ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف ستمبر میں ہونے والے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، بی بی سی رپورٹ میں مذکورہ دستاویزات کے حصول کیلئے برطانوی حکام سے درخواست کی گئی ہے۔