19 جولائی ، 2015
کراچی .......رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے پر کنٹرول رکھنے والے، عید پر بے قابو ہونے سے بچیں،ماہرین نے خبردار کیا ہے کھانے کے معمولات بتدریج بحال کئے جائیں، اچانک بسیار خوری مختلف بیماریوں سے دوچار کرسکتی ہے۔پابندی خواہ کوئی بھی ہو، اچانک ہٹے تو بندہ یا ہُو کا نعرہ مار کر ہر وہ کام کرتا ہے جس پر پابندی لگی ہوتی ہے، کچھ ایسی ہی صورتحال رمضان المبارک کے بعد عید کے موقع پر بھی دیکھنے میں آتی، کہاں وہ کیفیت کہ سحر سے افطار تک دانا پانی سب بند اور کہاں یہ منظر کہ دستر خوان پر منہ میں پانی کا فوارہ کھولنے والے انواع و اقسام کے کھانوں کی بہار سجی ہوتی ہے۔ تاہم ہوشیار طبی ماہرین کہتے ہیںکہ کھانے پینے کے معمولات میں اچانک زیادتی نظام ہضم کا بیڑا غرق کرسکتی ہے-ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کھانے میں بے احتیاطی سے ڈائریا ،ہیپاٹئیٹس،فلو سمیت مختلف امراض کی شکایات بڑھ جاتی ہیں ۔ ماہرین کے مطابق عید کے موقع پر بچوں کو ٹھیلے پر بکنے والے مشروبات اور غیر معیاری چیزیں کھانے سے روکا جائے۔عید پرمزے مزے کی ڈشز دیکھ کر بے قابو ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، کھائیں ضرور مگر اعتدال کے ساتھ تاکہ عید اسپتال کے بجائے گھر والوں کے ساتھ گزرے-