27 اگست ، 2015
آندھرا پردیش.......بھارت میں صحت کے شعبے کا حال کس قدر بُرا ہے، اس کا اندازہ حال ہی میں سامنے آنے والے اُس واقعہ سے لگایا جاسکتا ہے،جس نے سب کو دہلاکر رکھ دیا، ایک سرکاری اسپتال میں نوزائیدہ بچے کو چوہوں نے ہلاک کردیا۔ بھارت کے ایک اسپتال میں چوہوں نے موت کا ایسا کھیل کھیلا کہ دس دن کے ننھے بچے کی جان ہی لے لی۔ آندھرا پردیش کے ضلع گنٹورکے سرکاری اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں زیر علاج بچے کو چوہوں نے بری طرح پنجے مارے اور بچے کی آنکھ اور انگلیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ صبح بچے کے والدین نے بچے کا یہ حال دیکھا تو فوری طور پر ڈیوٹی ڈاکٹر کو مطلع کیا، لیکن بچے کی ماں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے فوری توجہ نہیں دی ۔ ان کا کہنا ہے کہ بچہ چوہوں کی وجہ سے نہیں بلکہ ڈاکٹروں کی غفلت کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ بچے کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ایک ہفتے پہلے بھی اسپتال انتظامیہ کو اس خطرے سے آگاہ کیا تھا ، لیکن انتظامیہ نے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ اسپتال کے دیگر مریضوں نے بھی اسپتال میں چوہوں کے حملوں کی شکایت کی ہے۔