01 ستمبر ، 2015
کراچی.........پیٹرول ڈیزل والی گاڑیوں کا فاقہ، تیل ڈھونڈنے میں عوام کا تیل نکل گیا۔ لاہور میں آج بیشتر پیٹرول پمپوں پر سپلائی ملتی رہی لیکن کچھ علاقوں میں پٹرول کی ترسیل نہ ہوسکی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، قلت کے باعث گاڑیوں اور موٹرسائیکل سوار افراد کو پریشانی اٹھانا پڑی،،بعض پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جیسے ہی پیٹرول آئے گا، سپلائی شروع کردی جائےگی۔ ضلعی انتظامیہ کہتی ہے کہ پیٹرول کی قلت کے باعث شہریوں نے ضرورت سے زیادہ پیٹرول لینا شروع کردیا جس کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوئی۔ راولپنڈی کے شہری بھی پیٹرول نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، اس کی وجہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بھی ہے اور آئل ٹینکرز کی ہڑتال بھی۔ راولپنڈی کے بیشتر پیٹرول پمپس پر دن بھر پیٹرول نہیں ملا، یہ بات بھی ٹھیک ہے کہ جب پیٹرول مل رہا تھا تو شہریوں نے گھبراہٹ میں زیادہ خریدا اور یہ بھی پیٹرول کی قلت کی ایک وجہ ہے، اب پیٹرول کی ترسیل شروع ہونے کے بعد صورتحال کچھ بہتر ہوئی ہے۔ پشاور میں آج پیٹرول کی دستیابی معمول کے مطابق رہی، قیمتوں میں کمی کے بعد عام طور پر پیٹرول ملنا کم ہوجاتا ہے، آئل ٹینکرز نے بھی کل سے ہڑتال کی ہوئی تھی، لیکن پشاور میں اس کے اثرات کم ہوئے اور بیشتر علاقوں میں پیٹرول باآسانی دستیاب رہا، اب ویسے بھی ہڑتال ختم ہوگئی ہے اور پیٹرول کی قلت کا خطرہ نہیں رہا۔ ملتان کے بیشتر پیٹرول پمپس پر آج صبح سے پیٹرول نہیں ملا، لوگ پیٹرول اور ڈیزل کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے، پیٹرول سستا ہوتا ہے تو کچھ پیٹرول پمپ مالکان زیادہ آرڈر نہیں کرتے اس لیے آخری تاریخوں میں پیٹرول نایاب ہوجاتا ہے، لیکن اس بار آئل ٹینکرز کی ہڑتال کی وجہ سے بھی معاملہ خراب ہوا، اب ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن ملتان میں صورتحال معمول پر نہیں آسکی اور شہری بدستور مشکلات کا شکار ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کےبعد کوئٹہ کے بیشتر پٹرول پمپوں پر فروخت بند ہوگئی تھی، بیشتر پمپ رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیے گئے، پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعض پیٹرول پمپ مالکان نے کہا کہ آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث پٹرول کی سپلائی متاثر ہوئی، ہڑتال ختم ہونے کا اعلان ہونے کے بعد انھوں نے سپلائی شروع کردی، جس کے بعد بیشتر پیٹرول پمپوں پر ڈیزل اور پیٹرول ملنے لگا۔