01 ستمبر ، 2015
کراچی........کبھی شارٹ فال کا بہانہ کبھی کیبل فالٹ، کبھی تیل کی سپلائی بند تو کبھی کینپ سے بجلی کی فراہمی معطل، کے الیکٹرک کے پاس بہانوں کی کمی نہیں، کراچی کے عوام تو ان بہانوں کے عادی ہوہی چکے ہیں لیکن اب کے الیکٹرک نے جانور وں سے بھی شہریوں جیسا سلوک کرنا شروع کردیا ہے۔ کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں اور سفاری پارک کے جانوروں کو ایک ہی طرح ٹریٹ کرنا شروع کردیا ہے، دو دن ہوگئے ہیں اور سفاری پارک میں بجلی نہیں اور بجلی نا ہونے سے سب سے زیادہ پریشان ہیں سونو اور ان کی ملکہ، بھئی دو دن سے نہانے کو پانی جو نہیں ملا ہے۔بجلی کی فراہمی معطل ہوئی سب اسٹیشن سے کیبلز کاٹ دینے کی وجہ سے اور کے الیکٹرک نے اس معاملے پر بھی بیان بازی شروع کردی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ تحریری طور پر جب تک مرمت کے اخراجات کی ادائیگی کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی فالٹ دور نہیں کیا جاسکتا ، جبکہ کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ تحریری طور پر یقین دہانی تو پہلے ہی کرائی جاچکی ہے۔ کراچی کے شہریوں کے ساتھ اب جانور بھی کے الیکٹرک کے متاثرین میں شامل ہوگئے ہیں۔ کئی بار شکایت کے باوجود بھی بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی۔