دنیا
10 ستمبر ، 2015

ایم کیو ایم کے استعفوںپر آئینی ذمہ داری پوری کرونگا:قائم مقام اسپیکر

ایم کیو ایم کے استعفوںپر آئینی ذمہ داری  پوری کرونگا:قائم مقام اسپیکر

ڈیلس ......راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ جنگ......قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ کراچی ملک کی شہ رگ ہے اس کو بچائیں گے تبھی پورا ملک قائم رہے گا ، کراچی آپریشن پر یہ کہنا غلط ہے کہ لاہور میں کیوں نہیں ہو رہا لاہور میں تو کسی نے 300 افراد کو زندہ نہیں جلایا، بوری  بند  لاشیں نہیں پھینکیں، لوگوں کو مجبور نہیں کیا کہ وہ کاروبار سمیٹ کر اپنے اپنے علاقوں کو جائیں،کسی کے ساتھ  نوراکشتی نہیں ہو رہی ورنہ ان  کے خلاف کرپشن کیسز نہ کھولتے، ایم کیو ایم نے  استعفے واپس نہیں لئے تو آئینی ذمہ داری  ضرور پوری  کروں گا۔

یہ بات انہوں نے ڈیلس میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنما عبدالحفیظ خان کی رہائش گاہ پر جنگ  سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سینٹر آغا شہباز درانی،  وقار خان اور دیگر  بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے بھی استعفیٰ دیئے تھے تاہم کچھ چیزیں  جمہوریت کی بقا کیلئے ضروری ہوتی ہیں اس لئے ہم اس ضمن میں کوئی لائین ڈرا نہیں کر سکتے اور کوئی تاریخ آپ کو نہیں دے سکتے۔ اس سوال کہ آیا ایم کیو ایم دہشت گردی میں ملوث ہے تو اس کو دہشت گرد جماعت کیوں قرار نہیں دیا جاتا کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم یا کسی بھی جماعت کو دہشت گرد جماعت کہنا ابھی قبل از وقت بات ہے لیکن اگر کوئی دہشت گردی میں ملوث ہے تو اس کے متعلق کسی بھی جماعت سے ہو کارروائی کرنا چاہئے۔ 

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ  فیصلے اسٹیبلشمنٹ نہیں بلکہ حکومت کرتی ہے اور اس پر عملدرآمد بھی حکومت ہی کرتی ہے، اس وقت وہ کچھ ہو رہا ہے جو کہ 13و14 سال میں نہیں ہوا دہشت گردی کے خلاف جنگ حکومت کا فیصلہ تھا کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں باہر سے سرمایہ کاری ہو جس کیلئے امن ضروری ہے۔

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ فلاں فیصلہ حکومت سے کسی نے کرادیا ہے جو کہ غلط ہے،ان شکوک اور شبہات میں ہم نے کافی وقت ضائع کر دیا ہے، اب سب کو مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے سوچنا ہوگا، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کوئی نوراکشتی کا کھیل نہیں چل رہا ہے یا ہمارا کوئی گٹھ جوڑ نہیں ہے جو اس وقت حکومت کر رہی ہے وہ میثاق جمہوریت کے سبب ہے جس کی مثال پہلے نہیں ملتی۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ آپریشن صرف سندھ میں ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ میرے صوبہ خیبر پختوامیں بھی آپریشن چل رہا ہے جہاں جہاں دہشت گردی ہے وہاں وہاں آپریشن ہو رہا ہے ،کراچی میں جو صورتحال تھی وہ سب کے سامنے ہے اور کراچی کا مسئلہ پاکستان کا مسئلہ ہے اس طرح وہ ہمارے ملک کی شہ رگ ہے، اگر اس کو بچائیں گے تو پورا جسم قائم رہے گا،ملک میں امن و امان ہو جاتا ہے تو لوگ باہر سے سرمایہ کاری کریں گے۔

مزید خبریں :