10 ستمبر ، 2015
تہران......ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ تاریخی جوہری معاہدہ طے کرنے کے بعد امریکا کے ساتھ مزید کسی قسم کے مذاکرات نہیں کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بیان سپریم لیڈر کے سرکاری ویب سائٹ پرجاری ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ہم نے جوہری امور کے بارے میں امریکا کے ساتھ مذاکرات ایک خاص وجہ سے کئے تھے۔امریکا نے اس بات چیت میں مثبت اور مناسب رویہ اختیار کیا تھا تاہم ہم دیگر امور کے بارے میں امریکا سے مذاکرت کی اجازت نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ خامنہ ای کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دو روز قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے شام کی خانہ جنگی کے حل کے لئے امریکا اور سعودی عرب سے مذاکرات کا اشارہ دیا تھا۔