دنیا
18 ستمبر ، 2015

بارسلونا: مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ معاملہ،پاکستانی کمیونٹی کا احتجاج موخر

بارسلونا: مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ معاملہ،پاکستانی کمیونٹی کا احتجاج موخر

بارسلونا.....شفقت علی رضا......ا سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اورپاکستانی قونصلیٹ جنرل بارسلونا کے مابین ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے ۔

انٹرنیشنل ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مینوئل پاسپورٹ پر سفر کی اجازت کی آخری تاریخ یعنی 24نومبر قریب آنے کے باوجود بارسلونا سے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجراء نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی سراپا ء احتجاج تھی اور کمیونٹی نے 18ستمبر کو احتجاج کی کال دی تھی ۔

اس ضمن میں گزشتہ روز قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ اور ویلفیئر قونصلر محمد اسلم خان غوری نے مذاکراتی کمیٹی کو بتایا کہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجراء ایک ہفتے کے اندر شروع ہو جائے گاجس کے لئے مشینری ایکسپرٹ شہزاد مسعود خان کل بارسلونا پہنچ رہے ہیں جس کے بعد دو دن میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ بنانے کاعمل شروع ہوجائے گا۔

کمیونٹی کے جائز مطالبات مانتے ہوئے قونصلیٹ آفس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے کمیونٹی کے لئے ہمیشہ آسانیاں پیدا کی ہیں اورآئندہ بھی کریں گے ۔

پاکستانی کمیونٹی کی مذاکراتی ٹیم کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات میں صرف مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء کا مطالبہ ہی نہیں بلکہ اپائنٹمنٹ میں تاخیر اور پاکستان سے آنے والے کاغذات کی تصدیق کے حوالے سے بھی کمیونٹی کو تحفظات ہیں جنہیں قونصلیٹ نے حل نہ کیا تو ہم احتجاج کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ 18ستمبر کا احتجاج منسوخ نہیں ، موخر کیا گیا ہے اگر قونصلیٹ آفس کمیونٹی کو سہولیات دینے میں ناکام رہا تو کمیونٹی احتجاج ضرور کرے گی ۔

مزید خبریں :