23 ستمبر ، 2015
راولپنڈی .....آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اسپیشل اولمپکس میں کامیابیاں سمیٹنے والی ٹیم نے ملاقات کی۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود پرچم سربلند کرنے والے ہونہار اور باصلاحیت نوجوانوں پر پوری قوم کوفخر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اسپیشل اولپمکس کی 8 رکنی قومی ٹیم نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے نوجوانوں کی کامیابیوں کی داد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل بے مثال صلاحیتوں کی مالک ہے، انتہائی مشکل حالات کے باوجود ان نوجوانوں نے پاکستان کا پرچم سربلند کیا ،ان کھلاڑیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
جولائی میں لاس اینجلس میں منعقدہ اسپیشل اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی اس ٹیم نے سونے کی 3، چاندی کے4 جبکہ کانسی کے 3 تمغے جیتےتھے۔