23 ستمبر ، 2015
کراچی.......سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو اس وقت تک اسپتال سے ڈسچارج نہ کیا جائے جب تک رینجرز کے ڈاکٹر ان کی صحت کے بارے میں مطمئن نہ ہوجائیں۔
سندھ ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عاصم حسین کی اہلیہ زرین حسین کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ رینجرز کے ڈاکٹر نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عاصم کی تمام میڈیکل رپورٹس نارمل ہیں،اُن کو اسپتال معائنے کیلئے لایا گیا تھا ،اُنہیں اسپتال میں داخل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
ڈاکٹر زرین حسین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عاصم کو رینجرز کی تحویل میں خطرہ ہے، میڈکل بورڈ تشکیل دیا جائے، رینجرز ڈاکٹر عاصم کو علاج کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔
عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد اپنے حکم میں کہا کہ ڈاکٹر عاصم کو اس وقت تک اسپتال سے ڈسچارج نہ کیا جائے جب تک رینجرز کے ڈاکٹر عاصم حسین کی صحت کے حوالے سے مطمئن نہ ہوجائیں،عدالتی حکم پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔