23 ستمبر ، 2015
اسلام آباد........نہ جانے کس نے عمران خان اور ریحام میں دُوریوں کی افواہیں پھیلادیں، عمران خان کہتے ہیں کہ ان افواہوں سے انہیں افسوس ہوا ہے، میڈیا بے بنیاد قیاس آرائیاں نہ کرے۔
شادی پرعمران خان اور ریحام کی شادی کو خوب میڈیا کوریج ملی تھی، ریحام خان، سب کی بھابی بھی کہلاتی ہیں، لیکن کہتے ہیں ناں کہ دنیا جینے نہیں دیتی، شادی نہ ہو تب بھی اور شادی ہوجائے، تو بھی منفی خبریں پیچھا نہیں چھوڑتیں۔ خاص طور پر اس وقت، جب میاں بیوی دونوں ہی مشہور شخصیات ہوں۔
ایسا ہی ہورہا ہے خان کپل کے ساتھ۔ میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عمران اور ریحام کی شادی، بس اب گئی کہ تب گئی۔ خبر کے مطابق عمران خان، ریحام خان سے شادی پر پچھتارہے ہیں۔
افواہوں کے مطابق ریحام خان اس وقت عمران خان کے بنی گالہ میں واقع گھر میں رہ رہی ہیں، اور وہاں بھی ان کے لیے کوئی خاص گرم جوشی نہیں پائی جاتی، عمران خان جب سے لندن میں اپنی سابقہ اہلیہ جمائما اور بچوں سے مل کر آئے ہیں، دونوں کے تعلقات کافی خراب ہیں۔
ان تمام خبروں پر کپتان خان کو شدید غصہ ہے۔ سوشل میڈیا پر عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک ٹی وی چینل کی جانب سے ان کی شادی کے بارے میں ایسے ہتک آمیز بیان پر انہیں شاک پہنچا ہے اور میڈیا ایسی بے بنیاد خبریں دینے سے گریز کرے۔