25 ستمبر ، 2015
کراچی.......شہرشہر، گاؤں گاؤں عید قرباں کے خوبصورت رنگ بکھرے ہوئے ہیں۔ عید اجتماعات اورسنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد اب گھر والے، دوست اور رشتہ دار ملکر چٹ پٹی ڈشز تیار کر رہے ہیں اورعید کی رات بھرپور اندازمیں منا رہے ہیں۔
چھوٹے بڑے شہروں میں عید اجتماعات کےلیے سیکیورٹی کےغیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز عید کے بعد شہری ایک دوسرے سے گلے ملے اور اس کے بعد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوا۔
قربانی کے بعد مستحقین اوررشتہ داروں میں گوشت تقسیم کیا گیاجس کے بعد اصل کام شروع ہوا اور خواتین نے کچن سنبھالا۔ سندھ میں سندھی پلاؤ کے بغیر عید کے رنگ لگتا ہے کہ کچھ جمتے نہیں۔
کہیں بوٹی توکہیں کباب، قورمہ، بریانی اورپائے بھی خاص طورپر تیارکئے جارہےہیں۔ ایسے میں دوست احباب باربی کیو کے لئے تیاری نہ کریں، ایسا کیسے ہوسکتاہے۔ یہ پارٹیاں رات بھر جاری رہیں گی لیکن طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ احتیاط ضروری ہے۔ ایسا نہ ہوکہ بےاعتدالی عید کا مزا ہی کرکرا کردے۔