دنیا
28 ستمبر ، 2015

آج چاند نے رنگ بدل لیا،سفید سے پیلا اور پھرسرخ ہوگیا

آج چاند نے رنگ بدل لیا،سفید سے پیلا اور پھرسرخ ہوگیا

لاس اینجلس .......ابھی حسن کے رنگ پوری طرح بکھرے ہی نہیں تھے کہ نظر لگ گئی،چودہویں کے چاند سے نسبتاً بڑے چاند کوبھی گہن لگ گیا۔چاند نے بھی رنگ بدل لیا۔

زمین کے قریب آیا،پہلے سے زیادہ روشن بھی ہوا،چاند ابھی حسن کے رنگ بکھیر ہی رہا تھا کہ سپر مون سے بلڈ مون میں تبدیل ہو گیا،حسین رنگ سرخ ہوگیا،چاند کو بھی گرہن لگ گیا۔

لیبیا کے درالحکومت تریپولی میں چاند کے بدلتے رنگ کو دنیا نے دیکھا،ماہرین فلکیات کہتے ہیں کہ یہ غیرمعمولی نظارہ تین چیزوں کا سنگم ہے،چاند کی مکمل شکل،زمین سے قریب تر اور مکمل چاند گرہن،برطانیہ،فرانس،یونان،الجیریا،کولمبیا،بیونس آئرس میں سپر مون کا حسین نظارہ لوگوں نے دیکھا۔

رواں سال کا یہ دوسراچاند گرہن ہے جو مکمل طور پر مشرقی،شمالی اور جنوبی امریکا، مغربی یورپ اور مغربی افریقا کے بعض حصو ں میں دیکھا گیا،جب کہ شمالی امریکا کے مغربی حصوں،مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا میں جزوی طور پر دیکھا گیا۔

ناسا کے مطابق لگ بھگ تین دہائیوں بعد ایسا ہوا ہے کہ جب عام چودہویں کے چاند سے نسبتاً بڑے چاند کو گرہن لگا ہے،اب 33 سال بعد دنیا کو یہ یادگار نظارہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

مزید خبریں :