02 اکتوبر ، 2015
کراچی........سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی اہلیہ کی جانب سے رینجرز کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر رینجرز کے سیکٹر کمانڈر کرنل امجد کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں جوابی حلف نامہ جمع کرادیا گیا۔درخواست کی سماعت جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔
رینجرز کے سیکٹر کمانڈر کرنل امجد کی جانب سے جوابی حلف نامہ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرایا گیا۔ حلف نامے کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کے پاس ماہر ڈاکٹر ،میڈیکل عملہ،تمام سہولیات اور مطلوبہ مشینری موجود ہے اور ڈاکٹر عاصم کو علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
کرنل امجد نے حلف نامے میں کہا کہ درخواست گزارزرین حسین کی جانب سے لگائے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے جواب الجواب داخل کرانے کیلیے مہلت طلب کرنے پر سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
ڈاکٹر زرین حسین نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹر عاصم کو علاج کی سہولیات مہیا نہیں کی جا رہیں لہذا رینجرز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔