04 اکتوبر ، 2015
بیجنگ .....چین دنیا کی سب سے بڑی ریڈیو دوربین کی تیاری میں مصروف ہے، جس سے خلا میں پوشیدہ کئی رازوں سے پردہ اُٹھانے میں مدد مل سکے گی۔
ناسا نے حال ہی میں ایک ایسا سیارہ دریافت کیاہے جو زمین سے نہ صرف بیحد مشابہت رکھتا ہے بلکہ 14 سو نوری سال کے فاصلے پرموجود ہے ، ماہرین کے مطابق اس سیارے پر ممکنہ زندگی کا سراغ لگانے کیلئے چین دنیا کی سب سے بڑی دوربین بنارہا ہے ۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے سنہوا کے مطابق اس دوربین میں پانچ سو میٹر قطر کے ریفلیکٹر لگائے جا رہیں ہیں جبکہ 4450 پینل نصب کیے گئے ہیں اور ہر پینل کی ایک سطح کی لمبائی 11 میٹر ہے۔یہ دوربین فٹ بال کے 30 میدانوں کے برابر ہو گی جو چینی صوبے گویزاؤ میں قائم کی جا رہی ہے، اس دوربین سے آؤٹر اسپیس میں چینی مشاہدات میں اضافہ ہو جائے گا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق یہ دوربین مجموعی طور پر ڈیڑھ کلومیٹر سے بھی زیادہ بڑے علاقے پر پھیلی ہوئی ہے اور اس دوربین کے گرد ایک چکر لگانے کیلئے 40 منٹ چلنا پڑتا ہے۔
فاسٹ پروجیکٹ کے مطابق اس دوربین کو تین پہاڑی چوٹیاں پر تعمیر کر کے تعمیراتی تکون بنا دی گئی ہے جو آئندہ برس تک مکمل ہو جائیگی۔