17 اکتوبر ، 2015
کراچی........بلدیہ عظمٰی کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کراچی میں انسداد ڈینگی مہم معطل ہوگئی ۔دوسری جانب شہر میں ڈینگی وائرس نے ایک اور شخص کی جان لے لی جس کے بعد رواں سال شہر میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
ذرائع میونسپل سروسز کے مطابق شہر میں گزشتہ تین روز سے انسداد ڈینگی اسپرے نہیں کیا جارہا ہےجس کے بعد شہر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش بڑھنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بلدیہ عظمٰی کراچی کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی نے شہر میں انسداد ڈہنگی مہم معطل کردی ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں یومیہ 30 گاڑیوں کی مدد سے مختلف علاقوں میں اسپرے کا کام بند پڑا ہے۔
ذرائع میونسپل سروسز کا کہنا ہے کہ ڈیزل اور پیٹرول نہ ملنے کے باعث گاڑیاں کھڑی کردی ہیں۔دوسری جانب رواں سال شہر میں ڈینگی سے 6 افراد ہلاک اور 2200 سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔
طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شہری گھروں کے اطراف پانی کھڑا نہ ہونے دیں، پانی کے ٹینکوں کی صفائی کرائیں اور جسم کے کسی حصے کو غیر ضروری طور پر کھلا نہ چھوڑیں۔