16 نومبر ، 2015
کراچی .......کراچی میں ڈینگی سے ایک اور ہلاکت سامنے آگئی ۔ ڈینگی وائرس میں مبتلا 18 سالہ لڑکی اسپتال میں دم توڑ گئی۔ رواں سال شہر میں ڈینگی سے جاں بحق ہونےوالے افراد کی تعداد 9 ہوگئی ۔
کراچی میں ڈینگی وائرس نے ایک اور جان لے لی ۔ انسداد ڈینگی سیل کے سربراہ ڈاکٹر مسعود سو لنگی کے مطابق 18سالہ عروسہ نارتھ ناظم آباد کی رہائشی تھی جسے دو روز قبل عباسی شہید اسپتال میں داخل کرایا گیا جو آج صبح انتقال کرگئی ۔ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 9 تک جا پہنچی ہے۔
بلدیہ عظمٰی کراچی اور محکمہ صحت کی بر وقت اسپرے مہم شروع نہ ہونے کے باعث رواں سال شہر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین ہزار 115 تک جاپہنچی ہے جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے مچھر سے بچاو کے لئے طلوع اور غروب آفتاب کے وقت جسم کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں ،گھر ،گلی اور محلے میں کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور مچھر مار ادویات کا استعمال کر یں۔