24 نومبر ، 2015
استنبول.......ترکی نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگاکر ایک روسی طیارہ مار گرایا، اس کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ ہوتے نظر آرہے ہیں۔
ترکی نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شامی سرحد کے قریب روسی لڑاکا طیارہ مار گرایا، کارروائی میں ترکی کے دو ایف سولہ جنگی طیاروں نے حصہ لیا۔
ترک صدارتی محل سے جاری بیان کے مطابق روسی طیارے نے شامی سرحد کے قریب فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی، طیارے کے پائلٹ کو 5 منٹ میں دس مرتبہ خبر دار کیا گیا لیکن وارننگ کے باوجود خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رہا جس پر طیارے کو مار گرایا گیا۔
روس نے سخوئی ایس یو 24 طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ طیارہ شام کی حدود میں تھا۔شامی باغیوں کی جانب سے روسی طیارے سے چھلانگ لگانے والے ایک پائلٹ کی لاش کی وڈیو جاری کی گئی ہے، جبکہ دوسرے پائلٹ کے ترکمان فورسز کی تحویل میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔
واقعے پر روسی صدرپیوٹن ترکی پر شدید برہم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ روسی طیارے نے ترک فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی تھی، ترکی کا یہ اقدام پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے، اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات پر سنگین اثرات پڑیں گے۔
عرب ٹی وی کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے دورہ ترکی منسوخ کردیا، دورہ بدھ کے دن کرنا تھا۔انھوں نے روسی شہریوں کو ترکی کےسفرسےگریزکرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔دوسری جانب ترک وزیراعظم کا موقف ہے کہ ملکی سرحد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ترکی کا حق ہے جبکہ ترک صدر طیب اردوان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔